ممبئی،17؍نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) مہاراشٹرا میں مہاوکاس اگھاڑی حکومت کو برخاست کرکے دوبارہ انتخاب کرائے جانے کے بی جے پی کے چیلنج کا کانگریس نے سخت جواب دیتے ہوئے بی جے پی کو ہی چیلنج کیا ہے کہ اگر بی جے پی میں ہمت ہے تو مرکزی حکومت کو برخاست کر کے بیلٹ پیپر کے ذریعے انتخابات کروائے۔
مہاراشٹرا پردیش کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں مہا وکاس اگھاڑی کی حکومت بننے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈروں میں ہلچل مچ گئی ہے۔ بی جے پی نے لگاتار دو سال تک اس حکومت کا تختہ الٹنے کی کئی بار کوششیں کیں، یہاں تک کہ راج بھون کے ذریعے بھی کوششیں کیں لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
ریاستی صدر نے کہا کہ سی بی آئی، ای ڈی، انکم ٹیکس، این سی بی جیسی مرکزی ایجنسیوں کے ذریعے بھی مہاوکاس اگھاڑی حکومت کے وزراء اور لیڈروں کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے اور مہاراشٹرا کو بدنام کرنے کی کارروائی کی گئی ، لیکن حکومت گرنے کے بجائے مزید مضبوط ہوتی گئی۔
اب بی جے پی پر بوکھلاہٹ طاری ہوچکی ہے اور اسی بوکھلاہٹ میں مہاوکاس اگھاڑی حکومت کو برخاست کرنے کی زبان استعمال کی گئی ہے، لیکن اگر بی جے پی میں ہمت ہے تو وہ مرکزی حکومت کو برطرف کر کے بیلٹ پیپر کے ذریعے انتخابات کرائے، اور اگرایسا ہوا اس میں یقینی طور پر بی جے پی کو شکست ہوگی۔